ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر میں سی ایم عہدے کی کشمکش، مرکزی وزیر کا مشورہ: ’شندے کو مرکز بھیجا جائے‘

مہاراشٹر میں سی ایم عہدے کی کشمکش، مرکزی وزیر کا مشورہ: ’شندے کو مرکز بھیجا جائے‘

Wed, 27 Nov 2024 13:11:31  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 27/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد بھی وزیراعلیٰ کے عہدے کے حوالے سے ابہام برقرار ہے۔ مہایوتی اتحاد، جس میں بی جے پی، ایکناتھ شندے کی شیوسینا اور اجیت پوار کی این سی پی شامل ہیں، نے 288 رکنی اسمبلی میں 230 سیٹوں پر فتح حاصل کی۔ دوسری طرف، ایم وی اے اتحاد، جس میں کانگریس، شرد پوار کی این سی پی اور ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا شامل ہیں، صرف 46 سیٹوں پر کامیاب ہوا۔

سیاسی ہلچل کے درمیان، مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے ایکناتھ شندے کو مرکز میں بھیجنے کی تجویز پیش کی۔ ان کے مطابق شندے نے ڈھائی سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن اب انہیں مرکزی سیاست میں شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شندے اس پر راضی نہیں ہوتے تو بی جے پی کو اجیت پوار کے ساتھ مل کر حکومت بنانی چاہیے۔

خیال رہے کہ منگل کو ایکناتھ شندے نے وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور اپنا استعفیٰ گورنر کو سونپ دیا۔ اس موقع پر بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار بھی موجود تھے۔ بی جے پی نے بطور سب سے بڑی پارٹی اپنے وزیر اعلیٰ کے لیے دعویٰ پیش کیا ہے اور دیویندر فڑنویس کا نام سب سے آگے بتایا جا رہا ہے۔

دریں اثنا، شندے کی شیوسینا نے ان کے دوبارہ وزیراعلیٰ بننے پر زور دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ شندے حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مہایوتی نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ دوسری طرف، دیویندر فڑنویس دہلی پہنچ کر بی جے پی قیادت سے ملاقات کر سکتے ہیں تاکہ حکومت سازی کے فارمولے پر بات چیت ہو۔

ایکناتھ شندے نے اپنے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے گھر یا کسی اور مقام پر جمع نہ ہوں۔ ان کے اس بیان کو سیاسی ہلچل میں امن و سکون برقرار رکھنے کی کوشش سمجھا جا رہا ہے۔


Share: